منگلورو،5؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس مقننہ پارٹی کے ڈپٹی لیڈر اور منگلورو کے رکن اسمبلی یو ٹی قادر نے دکشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر سے حجاب تنازعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا جو جمعہ کو منگلورو کے کار اسٹریٹ پر ڈاکٹر پی دیانند پائی، پی ستیش پائی گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالج کے طلبا کے درمیان جھگڑے کی وجہ بنا۔
تحقیقات سے یہ سچائی باہر آنی چاہیے کہ طلباء کو کون مشتعل کررہا ہے۔ کالج کے پرنسپل کو اُن طلباء کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے جنہوں نے کالج میں باحجاب طالبات سے جھگڑا کیا۔ طلباء کو جھگڑا کرنے نہیں بلکہ تعلیم حاصل کرنے کالج آنا چاہیے۔
قواعد و ضوابط سے متعلق تمام مسائل پر طلباء کو نہیں بلکہ کالج پرنسل اور انتظامیہ کوتبادلہ خیال کرکے فیصلہ کرنا چاہیے۔ حجاب تنازعہ پر طلباء کے جھگڑے پر ضلع انتظامیہ کیوں خاموش رہا؟ ہم چاہتے ہیں کہ طلباء کالجوں اور اسکولوں میں یکجہتی برقرار رکھیں۔“ عوام میں خوف اور نفرت پیدا کرنے والوں کے خلاف ضلع انتظامیہ اور پولیس کو سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
کانگریس مقننہ پارٹی کے ڈپٹی لیڈر نے الزام عائد کیا کہ مرکز یوکرین میں پھنسے طلباء کے انخلاء میں ناکام رہا۔ حکومت اپنی سفارت کاری اور خارجہ پالیسی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے روسی حملے میں ہلاک ہاویری کے ایم بی بی ایس طالب علم نوین کی تعلیمی فیس واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔